انکولہ 22؍دسمبر (ایس او نیوز) انکولہ ٹاؤن میونسپالٹی میں بی جے پی نے اقتدار پر قبضہ تو کرلیا ہے، مگر وہاں پر چل رہی بد انتظامی اور بدعنوانی کے خلاف ٹی ایم سی کےرکن منجوناتھ نائک نے چیف آفیسر اور ٹی ایم سی صدر کے کمروں کے سامنے ہی دھرنا دیا اور یہاں کے معاملات کودرست کرنے کامطالبہ کیا۔
دھرندے پر بیٹھے منجوناتھ نے الزم لگایا کہ ٹی ایم سی کی صدارت کا عہدہ شانتلا ناڈکرنی کو ملا ہے ، مگر اس کے شوہر اور بی جے پی لیڈر ارون ناڈکرنی کی طرف سے ٹی ایم سی کے معاملات میں مسلسل مداخلت کی جارہی ہے۔ ٹی ایم سی کے رکن نہ ہونے کے باوجود ارون ناڈکرنی بار بار صدر کے کمرے میں آتے ہیں اور انتظامی معاملات میں مداخلت کرتے ہیں۔ پوچھنے پربتاتے ہیں کہ میں صدر کو رائے مشورہ دینے کے لئے آتا ہوں۔
منجوناتھ کا الزام ہے کہ انکولہ ٹی ایم سی میں کھلے عام کرپشن چل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ سال پہلے ٹی ایم سی کے اندر جو سی سی کیمرے لگائےگئے تھے ، ان میں سے صدر کے کمرے میں موجود کیمرے ہٹادئےگئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر اور چیف آفیسر کےکمروں سے ہٹائے گئے کیمرے فوراً بحال کیے جائیں۔اور ٹی ایم سی میں چل رہی بدعنوانیوں پر روک لگائی جائے۔